پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمرشل، اسلامی بینکوں کے شوگر ملوں کو دیے قرضوں کی ادائیگی کی تاریخ 31 دسمبر 2024 تک بڑھائی جائے، شوگر ملز 3 ماہ کے قلیل عرصے میں 12 ماہ کی چینی تیار کرتی ہیں۔ایسوسی ایشن نے اپنے مراسلے میں کہا کہ ملوں کو گنے کی ترسیل کے 15 دن کے اندر تمام کاشتکاروں کو ادائیگیاں کرناہوتی ہیں، سال بھرکی چینی کی 3 ماہ کے اندر ادائیگی کے لیے اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنا ممکن نہیں، شوگرملوں کے لیے 30 ستمبر 2024 تک بینکوں کے تقریباً 200 ارب روپےکے بقایا جات کلیئر کرنا ناممکن ہے۔مراسلے کے مطابق انڈسٹری کو اضافی چینی برآمدکرنےکی اجازت پربقایا جات کی ادائیگی ممکن ہوپائےگی، اضافی اسٹاک کے باعث شوگر ملوں کے لیے آئندہ کرشنگ سیزن شروع کرنامشکل ہو جائےگا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے مسائل کم ہوں گے جس سےکاشتکاروں اور صارفین کو فائدہ پہنچےگا۔