شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پرحملے میں دوافسروں سمیت سات جوان شہید اورسولہ زخمی ہوگئے

Apr 23, 2010 | 15:27

سفیر یاؤ جنگ
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں آج شدت پسندوں نے ایک فوجی قافلے پرحملہ کیا جس میں ایک آفیسر، ایک جونیئرکمیشنڈ سمیت سات جوان شہید ہوگئے جبکہ سولہ زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں اہلکاروں میں سے دوکی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقہ بویا میں سرچ آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی فورسز کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس میں چھ شدت پسند مارے گئے۔ اس کارروائی میں فورسز نے شدت پسندوں کی تین خودکش جیکٹس، سات بارودی سرنگیں ، چارگاڑیاں اورکئی ٹھکانے تباہ کردیئے ۔ شدت پسندوں کے ان ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سے موصول ہونیوالی اطلاع کے مطابق گاؤں خدی میں چار افراد کو امریکہ کیلئے جاسوسی کے الزام میں قتل کردیا گیا ۔ مقامی شدت پسندوں کو شبہ تھا کہ یہ افراد ڈالروں کے عوض امریکا کے لیے جاسوسی کررہے ہیں جس پر شدت پسندوں نے کئی روز تک ان کی نگرانی کی اور تصدیق ہونے پرانہیں قتل کردیا ۔ ادھر اورکزئی ایجنسی کے علاقے فیروز خیل میں سکیورٹی فورسز نےآج عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا ۔ گن شپ ہیلی کاپٹروں، توپ خانوں اورمشین گنوں سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سولہ شدت پسند ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ۔ اس کارروائی میں ایک سکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوا ۔
مزیدخبریں