وفاقی وزارت داخلہ ، چاروں صوبائی حکومتوں اور آزادکشمیر حکومت نے سرکاری دفاتر میں ہفتہ واردوچھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

Apr 23, 2010 | 23:25

سفیر یاؤ جنگ
بجلی کی بچت کے سلسلے میں حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں جمعے کے روز سرکاری دفاتر میں صبح گیارہ بجے تک تمام ایئرکنڈیشنرز بند رکھے گئے۔ حکام نے گریڈ بیس سے کم درجے کے افسروں کو ائر کنڈیشنر کے استعمال سے بھی روک دیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس کی بھی پچاس فیصد لائٹس بند رہیں۔ادھر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی مختلف محکموں کی جانب سے ہفتے میں دو چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے گئے ۔ نوٹیفیکیشن کے تحت پیر سے جمعرات تک سرکاری اوقات کار صبح آٹھ بجے سے چاربجے تک مقررکئے گئے ہیں ۔ لاہور میں پنجاب حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہفتے کے روزچھٹی نہیں ہوگی ۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی اہمیت کے جاری منصوبوں پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف کراچی میں سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام بینک اورمالیاتی ادارے بھی ہفتے میں دودن بند رہیں گے۔ مرکزی بینک کے نوٹیفکیشن کے مطابق بینکوں کےاوقات کار پیر سے جمعرات تک صبح نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجےاورجمعہ کے روزصبح نو بجے سے شام چھ بجے تک ہوں گے ۔  جامعہ کراچی میں بھی ہفتے میں دو روزتعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس پرعملدرآمد چوبیس اپریل سے ہوگا۔
مزیدخبریں