بلاول ہاؤس کراچی میں صدرمملکت کی زیرصدارت کراچی میں امن وامان سے متعلق اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلٰی سید قائم علی شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت ڈاکٹر فاروق ستار اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد کی قیادت سینیٹر شاہی سید نے کی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کےمتحد ہونے سے ہی بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ممکن ہے۔ صدر نے متعلقہ حکام کو ہدايت کی ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور دہشت گردوں کو بے نقاب کرنے کے لئے جتنے وسائل چاہئے، وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ صدر کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ صدر نے اس سلسلے ميں سندھ ميں اتحادی جماعتوں کے ارکان پر مشتمل پيس کوآڈينيشن کميٹی تشکيل دينے کی ہدايت کی، کمیٹی وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ سندھ سے رابطے میں رہیگی۔ اجلاس میں کراچی میں امن وامان سے متعلق تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک ودیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔