کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،سیمنٹ اور بینکنگ اسٹاکس میں زبردست تیزی کے باعث کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں آج ایک سو سینتالیس پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا اور مارکیٹ چودہ ہزار اٹھاسی پوائنٹس پر بند ہوئی۔ مجموعی کاروباری حجم اکیس کروڑ تینتیس لاکھ شئیرز رہا۔ حجم کے اعتبار سے فوجی سیمنٹ میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ ڈی جی سیمنٹ ، اینگرو فوڈ سیمت فرٹیلائزر اور بینکنگ اسکرپٹس میں زبردست اضافہ ہوا اور ایک سو تیرانوے کمپنیوں کے حصص گرین نمبر میں رہے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کیپیٹل گین ٹیکس کے حوالے سے کیے گئے اعلانات پر عمل درآمد ہوجانے کی اطلاعات اور سیمنٹ اسٹاکس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے انڈیکس کو چودہ ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں مدد دی۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی کا رجحان رہا۔ ایل ایس پچیس انڈیکس باسٹھ پوائنٹ اضافے کے ساتھ تین ہزار سات سو اکیاون پربند ہوا۔ مارکیٹ میں اٹھانوے کمپنیوں کے ساٹھ لاکھ اکتیس ہزار آٹھ سو باسٹھ حصص کا کاروبارہوا۔ چونتیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، بارہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ باون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔