لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ ہمخیال میں مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے۔ مسلم لیگ ہمخیال کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ ہمخیال بطور ”اتحادی پارٹی“ آئندہ الیکشن لڑیں گی، ہمخیال گروپ کو مسلم لیگ (ن) میں ضم نہیں کیا جائے گا۔ دونوں جماعتیں اپنے علیحدہ علیحدہ انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گی اور ٹکٹوں کا فیصلہ دونوں کے اپنے اپنے پارلیمانی بورڈ کریں گے۔ مسلم لیگ ہمخیال 30 نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کرے گی اور ان سیٹوں پر دوسری جماعت اپنا امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔ ذرائع کے مطابق دونوں لیگی دھڑوں کے درمیان ملاقات میں شہباز شریف بھی شرکت کر چکے ہیں۔ آئندہ ملاقات میں حتمی سفارشات تیار کر کے مذاکراتی کمیٹیاں اپنی قیادتوں کو پیش کریں گی۔ آن لائن کے مطابق نوازشریف اور حامد ناصر چٹھہ کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔ اس میں انتخابی اتحاد کا اعلان کیا جائے گا۔