لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا کہ کراچی میں ایجنسیوں نے جعلی مینڈیٹ اور انتخابات کو یرغمال بنانے والوں کی سرپرستی نہ چھوڑی تو روشنیوں کا شہر تاریکیوں کی آماجگاہ بنا رہے گا، کراچی میں امن کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ بھتہ خوروں ،ٹارگٹ کلرز اور بوری بند لاشوں کے سوداگروں کی پشت پناہی کرنے والے اپنا شرمنا ک کھیل بندکردیں ۔جھرلو الیکشن سے بچنے اور عوام کو پولنگ سٹیشنوں تک لانے کیلئے فوج کی تعیناتی ضروری ہے۔ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور لوگوں کو دہشت زدہ کرنے کی کاروائیاں شروع ہوچکی ہیں ۔10جماعتی پلیٹ فارم نے کراچی کے شہریوں کے اندر ایک حوصلہ اور عزم پیدا کیا ہے جس سے جعلی مینڈیٹ والوں کی نیند حرام ہوچکی ہے ۔ایجنسیوں نے مداخلت نہ کی تو دہشتگرد الیکشن میں چند سیٹیں بھی نہیں نکال سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید منور حسن نے کہا کہ آئندہ انتخابات قومی سلامتی اور ملکی بقا کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، انتخابات کا شفاف اور غیر جانبدار ہونا ضروری ہے عوام چاہتے ہیں کہ اقتدار میں وہی لوگ پہنچیں جنہیں وہ منتخب کریں لیکن ایجنسیاں اور خفیہ ادارے چند سیٹوں کو اپنے ہاتھ میںرکھ کر حکومتیں بنانے اورگرانے کا مکروہ کھیل کھیلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام ان پارٹیوں کی گزشتہ کار کردگی کو سامنے رکھیں جنہوں نے سوائے مہنگائی، بے روز گاری، غربت اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے کچھ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ملک سے کرپشن، لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرکے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک ترقی یافتہ اور اقوام عالم میں باوقار ملک بنا دیں گے۔
کراچی میں جھرلو سے بچنے کیلئے فوج کی تعیناتی ضروری ہے: منور حسن
Apr 23, 2013