لاہور(خصوصی رپورٹر) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے گزشتہ روز چینی صوبے سیچوان کے ہانگ شوئی ٹاؤن کا دورہ کیا۔ وفد نے کیمونسٹ پارٹی کے دفاتر دیکھے جہاں ارکان کو چین میں کیمونسٹ پارٹی کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیچوان صوبہ کی کیمونسٹ پارٹی کے وائس سیکرٹری جنرل ٹینگ وینجن کی طرف سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان اور چینی میزبانوں نے باہمی تعاون کے شعبوں اور پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ چینی حکومت اور کیمونسٹ پارٹی کے رہنماؤں نے جس طرح گرم جوشی اور والہانہ انداز میں ان کا اور ان کے وفد کے ارکان کا استقبال کیا ہے وہ اس سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان سے وفد کی آمد کی اطلاع پر مقامی کاشتکار اور باشندے کیمونسٹ پارٹی کے دفتر میں جمع ہو گئے۔ چینی کاشتکاروں نے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ پاکستانی وفد نے حمزہ شہباز شریف کی زیر قیادت سیچوان یونیورسٹی میں قائم پاکستان سٹڈی سنٹر کا بھی دورہ کیا۔