اسلام آباد (سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں) پاکستان نے گزشتہ روز زمین سے زمین پر مار کرنے والے شارٹ رینج حتف3- بلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ حتف تھری میزائل 290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ میزائل ایٹمی اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گزشتہ روز آرمی سٹرٹیجک کمان فورسز نے اس میزائل کا تجربہ کیا۔ میزائل تجربہ کا مشاہدہ کرنے کے لئے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک کمان لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خان کے علاوہ انجینئرز اور سائنسدانوں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ جنرل راشد محمود نے میزائل تجربہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا آفیسر اور جوان جو جارحیت کو ناکام بنانے کے کام پر مامور ہیں اپنے فرائض اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق یہ تجربہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کے سٹرٹیجک میزائل گروپ کی تربیتی مشق کے اختتام پر کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راشد محمود نے مشقوں کے علاقہ میں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کی فعالیت میں تکنیکی اور آپریشنل مہارت کے حاصل کرنے پر فوجی دستوںکو سراہا۔ انہوں نے غزنوی میزائل کے کامیاب تجربہ سے ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہونے کے علاوہ خطہ میں امن کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ آن لائن کے مطابق میزائل لانچنگ تقریب میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بلند ہوئے۔ جنرل راشد محمود نے کہا میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا پاک فوج کے افسران اور جوان کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور فوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھے گی۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک فوج کے انجینئرز، سائنس دانوں، جوانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے عزم کا اظہار کیا ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائینگی اور اس سلسلے میں ہر قسم کے اقدامات اور انجینئرز اور سائنسدانوں کوتمام سہولیات فراہم کی جائینگی۔
پاکستان کا حتف تھری ایٹمی میزائل کا کامیاب تجربہ، دفاع مزید مضبوط ہو گیا: جنرل راشد
Apr 23, 2014