چارسدہ + ڈیرہ مراد جمالی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چارسدہ میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے اور فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت3 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں بھی بم دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ خیبر ایجنسی میں امن کمیٹی کے دو ارکان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پشاور میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 5 اہلکاروں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے چار سدہ میں نوشہرہ روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکارسمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ12 اہلکاروںسمیت 38زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد ہر طرف افرا تفری مچ گئی، دھماکے سے قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق تحصیل بازار میں پولیس وین کو موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے اڑایا گیا۔ دھماکے سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور اور چارسدہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم عوام کو ہم دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، انسانیت دشمنوں کو قانون کی گرفت میں لاکر کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے پولیس اہلکار کے ورثا کو 30لاکھ، جاں بحق شہریوں کے ورثاء کو 5-5لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار ناصر علی 7بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ بم دھماکے میں کئی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا، پولیس نے بم حملے میں ملوث 3زخمی افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ صدر، وزیراعظم، عمران خان اور دیگر نے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ میں 2 سے 4 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے قریب میر حسن روڈ پر بم دھماکے اور فائرنگ سے ڈی ایس پی چھتر سمیت تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی چھتر عبدالغفار سیلاچی، سب انسپکٹر صوبیدار خان سیال حسب معمول گشت کر رہے تھے کہ پیرویل کے قریب میر حسن روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا جیسے ہی پولیس کی گاڑی وہاں سے گزری تو زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ان کے دو محافظ شدید زخمی ہو گئے۔ اسی اثنا میں ملزمان نے ان پر شدید فائرنگ بھی شروع کر دی اور ملزمان موقع واردات سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ادھر خیبر ایجنسی باڑہ کی امن کمیٹی کے دو ارکان کو قتل کر دیا گیا۔ ایک رکن کو باڑہ تحصیل کے علاقے اکاخیل میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جاں بحق کیا جبکہ امن کمیٹی کے دوسرے رکن کو پشاور کے علاقے جہانگیر آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پشاور میں پولیس وین اور ایمبولنس پر فائرنگ سے جاں بحق پانچ اہلکاروں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میںآئی جی ناصر درانی، ڈی سی پشاور ظہیرالاسلام سمیت پولیس افسروں اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ادھر بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن میں مال روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے 5افراد شدید زخمی 2گاڑیوں کو نقصان پہنچا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف سی کی گشت پر مامور گاڑی کو بم کا نشانہ بنایا گیا۔
چارسدہ : پولیس وین پر بم حملہ، ایک اہلکار سمیت3 جاں بحق، ڈیرہ مراد جمالی میں دھماکہ ، ڈی ایس پی2 محافظ زخمی
Apr 23, 2014