’’تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں تو کانٹوں میں اُلجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے‘‘ شہبازشریف کا پُرمسرت اور پُرجوش اندا میں مدلل خطاب

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز چین کے صدر کے دورے کے دوران پاکستان کے لئے 46ارب ڈالر کے عظیم الشان اقتصادی پیکیج کے حوالے سے پریس کانفرنس سے پر مسرت اور پر جوش انداز میں مدلل خطاب کیا اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دئیے۔ وزیراعلیٰ نے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج پر 18کروڑ عوام اور میڈیا کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے چین پاکستان کے لئے وسیلہ بنا ہے اور پوری قوم کے ساتھ میڈیا بھی اس عظیم اور تاریخ ساز موقع پر یکسو اور یک زبان ہے۔ چین کی طرف سے اس تاریخی اعلان پر اپنے اور اغیار دونوں دنگ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہاکہ آج صرف تاریخ ساز چینی اقتصادی پیکیج پر بات کروں گا، کوئی سیاسی بات کرنا چاہتا اور نہ ہی کسی کو نشانہ تنقید بنانا چاہتا ہوں۔ یہ موقع صرف اﷲ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر شکر ادا کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری ، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور چین نے اربوں ڈالر کا پیکیج دے کر اس بات پر مہر ثبت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی پریس کانفرنس کا اختتام ان اشعار پر کیا:۔
تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں
تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے
نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو
کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے
وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مصافحہ کیا اور میڈیا کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو چین کے اقتصادی پیکیج پر مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن