مانانوالہ (نامہ نگار) غربت اور گھریلو رنجش سے تنگ آکر محنت کش نے چھری کے وار کرکے بہو کو قتل، بیٹے کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ محلہ قادرآباد مانانوالہ کے عبدالحمید نے گزشتہ روز معمولی گھریلو تنازعہ پر مشتعل ہوکر اپنی جواں سال بہو اقرا بی بی زوجہ شہباز کو تیز دھار چھری کے وار کرکے قتل کردیا ہے اور مزاحمت پر اپنے بیٹے اشفاق کو پے درپے وار کرکے شدید زخمی کر دیا جسے میو ہسپتال لاہور داخل کروا دیا گیا جہاں اسکی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ابتدائی بیان میں ملزم نے بتایا میرے گھر کے حالات غربت کی وجہ سے ابتر تھے بچے کام کرنے کی بجائے آوارہ گردی کرتے تھے اور مقتولہ گھر کے خرچے کے لئے مجھ سے پیسوں کا تقاضہ کرتی تھی اور پیسے نہ ہونے کی وجہ سے گذشتہ روز بھی اس نے لڑائی جھگڑا کیا جس پر مشتعل ہوکر میں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ قتل کی واردات کے بعد شہر میں خوف و ہراس کی لہر ڈور گئی۔