ملتان (خبر نگار خصوصی) کراچی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے خلاف تھانہ ممتاز آباد ملتان میں فراڈ کا مقدمہ درج ہے مقدمہ نمبر 1051/10۔ 2010 میں لکڑ منڈی کے رہائشی جمیل اختر کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مذکورہ امیدوار عمران اسماعیل ان کے بھائی عدنان اسماعیل ڈاکٹر فہد علی اور ندیم حسین نے جوس پروڈکٹ کی ڈسٹری بیوشن دینے کے لئے 40 لاکھ روپے لئے۔ لیکن نہ تو ڈسٹری بیوشن دی گئی اور نہ ہی پیسے واپس کئے گئے جس پر ان چاروں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا، معلوم ہوا ہے کہ مدعی نے پولیس سے رابطہ کر لیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس نے ٹی وی اور اخبارات میں عمران اسماعیل کو اشتہاری مہم اور مختلف پروگراموں میں شرکت کے دوران دیکھ کر پہچان لیا ہے کہ ان کا ملزم یہی ہے اس لئے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔