لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور کنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ کے ساڑھے چار لاکھ ووٹر 25 اپریل کو ہماری کارکردگی کی بنیاد پر شیر کے نشان والے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زعیم حسین قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعد رفیق نے کہا عمران خان کی سیاست الزامات کی پیداوار ہے ہمارے ہاتھ اور پائوں باندھ دیئے گئے ہیں جبکہ مخالفین کی زبانیں کھول دی گئی ہیں الیکشن کمشن کی طرف سے ممبران اسمبلی پر انتخابی مہم چلانے کے سلسلے میں پابندی غیر آئینی ہے۔ پابندی ختم نہ کی گئی تو اسے 25 اپریل کے بعد عدالت میںچیلنج کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت تمام وعدے پورے کررہی ہے۔ پائیدار قیام امن کے لئے سیاسی قیادت نے مل کر دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ کراچی آپریشن ہمارے عزم کی زندہ مثال ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلرز کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں جرائم میں کافی حد تک کمی ہوئی۔ چینی سرمایہ کاری سے ہرممکن حد تک فائدہ اٹھائیں گے۔ اقتصادی راہداری سے خوشحالی آئے گی۔ قوم گواہ ہے، ملک کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔ احتجاجی دھرنے کی سیاست نہ ہوتی تو ڈالر مزید نیچے آجاتا۔ بلوچستان میں صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ ہمیں جلتا ہوا پاکستان ملا، خدا کا شکر ہے ہمارے دور میں کوئی سیاسی حریف عدالت نہیں گیا کہ کسی پراجیکٹ میں کرپشن ہوئی ہے۔ پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لے جائیں گے۔ ریلوے کا خسارہ کم ہورہا ہے، فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ دریں اثناء چینی وفد کے استقبالیہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں خوشحالی کے نئے دور کی تمہید ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی گزشتہ 6 دہائیوں میں ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں چینی سرمایہ کار ی اور تکنیکی تعاون سے جہاں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ وہاں چینی تاجروں کو بھی باکفایت مال برداری کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چائنا ریلویز نے پاکستان ریلوے میں کئی منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا اور دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چائنا ریلویز نے پاکستان ریلوے میں کئی منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کوفروغ ملے گا اور دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کراچی تا پشاور مین لائن ون اور حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
دہشت گردوں کی کمر توڑ ڈالی، کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کارکردگی سے جیتیں گے: سعد رفیق
Apr 23, 2015