راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر1 کے جج رائے ایوب مارتھ نے اڈیالہ جیل میں ایلیٹ فورم کے اہلکار یوسف کے خلاف توہین رسالت کیس کے مجرم اصغر کوگولی مارنے کے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ ختم کرتے ہوئے مقدمہ ڈسٹرکٹ و سیشن جج کی عدالت میں منتقل کرکے آئندہ سماعت کے لئے 29اپریل کی تاریخ مقرر کردی ہے۔ خصوصی عدالت میں ملزم محمد یوسف کی درخواست کی سماعت کے دوران وکیل صفائی ر اجہ شجاع الرحمن نے دلائل دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممتاز قادری کیس کے فیصلے کی روشنی میں یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ سماعت میں نہیں آتا‘ پولیس نے بدنیتی سے دہشت گردی کی دفعات لگائیں استغاثہ کے وکیل نے مخالفت میں دلائل دیئے۔ فاضل جج نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سن کر مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات ختم کردیں اور مقدمہ سیشن کورٹ میں منتقل کر دیا۔