اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) مالی سال 2015-16ء کے بجٹ کیلئے حکمت عملی پیپر تیار ہوگیا ہے۔ حکمت عملی کے مطابق وفاق کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کاحجم 41 کھرب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کے علاقوں میں تعمیر نو کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ا سلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ بجٹ کا حکمت عملی پیپر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ آئندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ وزارتوں اور محکموں کے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 293 ارب روپے ہوسکتا ہے، آئندہ بجٹ میں محصولات کا ہدف 29 کھرب روپے کے لگ بھگ جبکہ قرض کی ادائیگی پر 13 کھرب روپے خرچ ہوسکتے ہیں۔ آئندہ بجٹ میں مالیاتی خسارہ 1.4 پر محدود کرکے 1330 ارب روپے تک محدود کرنے کا ہدف ہے۔ دفاعی بجٹ کیلئے 770 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 575 ارب روپے ہوسکتا ہے۔ آئندہ بجٹ میں سبسڈی میں 50 ارب روپے کمی کا امکان ہے اور رواں مالی سال سبسڈی کی جو رقم 203 ارب روپے ہے آئندہ سال کم ہوکر 150 ارب روپے ہوسکتی ہے۔
مالی سال 2015-16 کے بجٹ کا حکمت عملی پیپر تیار‘ حجم 41 کھرب روپے ہونے کا امکان
Apr 23, 2015