اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام چاہیں تو روشنیوں کا شہر پھر مل سکتا ہے۔ نعمت اللہ خان اور عبدالستار نے کراچی کی خدمت کی۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں لوگوں کو جوڑ کر رکھا۔ ہمارے دور میں بھتہ کلچر نہیں تھا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی حمایت پر اہل کراچی کو کچھ نہ ملا۔ شفاف الیکشن کیلئے بائیومیٹرک نظام ہونا ضروری ہے۔ تحفظات کے باوجود ہم نے 2013ء کے الیکشن نتائج کو قبول کیا۔ این اے 246 انتخاب الیکشن کمشن کیلئے امتحان ہے۔ سیاست میں اسلحہ کے استعمال کے مخالف ہیں۔ ایسا کراچی چاہتے ہیں جس میں الطاف حسین کو خطرہ نہ ہو۔ سراج الحق نے کہا کہ عوام پرامن کراچی کا عزم لے کر گھروں سے نکلیں۔ اپنے ووٹ کی قوت سے ظلم اور جبر کے بتوں کو گرا دیں۔ کراچی بھتہ اور ٹھپہ مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ خوشحال پاکستان کیلئے پرامن کراچی ضروری ہے۔
جماعت اسلامی نے کراچی والوں کو جوڑ کر رکھا، یہاں بھتہ کلچر نہیں تھا: سراج الحق
Apr 23, 2015