اسلام باد (آن لائن+ صباح نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف طرز حکمرانی تبدیل کریں۔ فیملی سیاست نہ کریں بلکہ میرٹ پر فیصلے کریں۔ یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کی قرارداد سے ایک انچ بھی حکومت کو ادھر ادھر نہیں ہونے دیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران کو دوبارہ کمیٹیوں میں شامل کریں گے۔ پی اے سی کی کارکردگی بھی بہتر بنائیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بندی ملک کے لئے اہم ہے۔ تمام صوبوں کو اس معاہدے کے مالی اثرات سے یکساں فائدہ ہونا چاہئے۔ شہباز شریف کے سعودی عرب آنے جانے پر اعتراض نہیں۔ گورنر سندھ سے الطاف حسین کی لاتعلقی بارے کہا کہ یہ ناراضی ہو سکتی ہے تاہم گورنر وفاق کی علامت ہوتا ہے۔ سندھ حکومت کو اس سے کوئی غرض نہیں۔ نواز شریف فیملی سیاست نہ کریں۔ اہم عہدے اپنے گھر والوں میں نہ بانٹیں بلکہ میرٹ اپنائیں۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کا اصل روٹ برقرار رہنا چاہئے۔ سیاست کی گئی تو یہ بھی کالا باغ ڈیم کی طرح نہ بن جائے۔ یمن میں جنگ بندی اور امن کے لئے کام کیا جائے۔
نواز شریف عہدے گھر والوں میں نہ بانٹیں، اقتصادی راہداری کا اصل روٹ برقرار رہنا چاہئے: خورشید شاہ
Apr 23, 2015