کراچی (آن لائن) کراچی کے حلقہ این اے 246 کا ضمنی انتخابی معرکہ آج جمعرات کو ہو گا، جس کے لئے سکیورٹی کے انتہائی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر بیلٹ باکس پہنچا دیئے گئے جبکہ ضلعی وسطی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نافذ ہے۔ اس ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم کے کنور نوید، پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم کے درمیان انتخابی مقابلہ ہے ان کے علاوہ 9 دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔ دوسری طرف این اے 246 میں انتخابی سامان کی پولنگ سٹیشنز پر ترسیل کا عمل جاری رہا۔ پولنگ عمل کے لیے تین لاکھ 57 ہزار 781 بیلٹ پیپرز کی پولنگ سٹیشنز کے حساب سے الگ الگ تھیلوں میں پیکنگ کی گئی۔ الیکشن کمشن ذرائع نے بتایا کہ ووٹر لسٹیں، انمٹ سیاہی اور سٹیشنری کا سامان پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے اور بیلٹ پیپرز پریذائڈنگ افسران آج صبح رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں لے کر پولنگ سٹیشن پہنچیں گے۔ حلقے میں سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ رینجرز نے علاقے کی سکیورٹی کا کنٹرول سنبھال لیا۔ خصوصی پاسز کے علاوہ پولنگ سٹیشنوں میں داخلے پر پابندی ہو گی۔ سات ہزار پولیس اور چار ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر خفیہ کیمرے بھی نصب ہیں۔ حلقے میں دھاندلی کی روک تھام کے لئے تمام 213 پولنگ سٹیشنز کے اندر 6 اور باہر 20 سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ سٹیشن میں موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی ہوگی اور ووٹرز زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔ آج حلقے میں وفاقی و صوبائی ملازمین کے لیے عام تعطیل ہوگی اور یہ علاقہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہوگا۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 3 پولنگ سٹیشنوں کو سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا گیا۔ دریں اثناء ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے گذشتہ روز این اے 246 کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شریف آباد کے سکول میں قائم سی سی کیمروں اور رینجرز کے کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پولنگ کے موقع پر انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔
کراچی این اے 246 میں انتخابی معرکہ آج ہوگا، رینجرز نے کنٹرول سنبھال لیا
Apr 23, 2015