اسلام آباد+ پشاور+ بنوں (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں ایک جھڑپ کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بدھ کی صبح دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی گئی۔ جیٹ طیاروں نے دتہ خیل سے پہلے ایک علاقے میں مخصوص اہداف پر فضائی حملے کئے جس میں 22 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتو میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا اس دوران علاقے میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گرد اپنے 4 ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے جنہیں سکیورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میر علی میں دہشت گردوں نے فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 7 اہلکاروں کو زخمی کردیا، دوسری طرف پشاور میں گھر کے باہر بارودی مواد کے دھماکہ سے پانچ دکانوں کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں بیسیوں دہشتگردوں نے کھجوری چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں بھی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس سے دو جوان زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ جبکہ خیبر ایجنسی سے متصل علاقہ ریگی میں سکیورٹی اداروں نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرکے 2 دہشت گرد بھی گرفتار کر لئے۔ برآمد اسلحہ میں 2دستی بم، مارٹر گولہ، رائفلیں اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔ دریں اثناء پشاور میں تھانہ فقیر آباد کے علاقے میں مقامی ٹھیکیدار کے گھر کے باہر دھماکہ ہوا جس سے پانچ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے میں ایک کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقہ فقیر آباد افغان کالونی میں تاجر کی مکان کے قریب نصب بم زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں تاجر کے مکان اور قریبی واقع 6 دکانوں کو جزوی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تاجر سے 25 لاکھ روپے بھتہ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے علاقہ غیر سے متصل علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 16 افغان مہاجرین اور 24 جرائم پیشہ افراد سمیت 100 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضہ سے 2 دستی بم‘ دو مارٹر گولے اور بھاری تعداد میں خود کار اسلحہ برآمد ہوا۔