کرنل پروہت کو سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کے بعد مالیگائوں دھماکہ کیس میں بے گناہ کرنے کی تیاریاں

Apr 23, 2016

ممبئی (نیوز ڈیسک) سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں بھارتی تفتیشی ادارے این آئی اے کی طرف سے کلین چٹ دئیے جانے کے بعد ہندو دہشت گرد تنظیموں کے ماسٹر مائنڈ بھارتی فوج کے کرنل پرساد پروہت کو مالے گائوں دھماکہ کیس میں بھی بے گناہ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس سارے عمل کو ہندو نواز مودی سرکار‘ بھارتی فوج اور ہندو تنظیموں آر ایس ایس اور بجرنگ دل کی حمایت حاصل ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس کے 35کے قریب گواہوں کو دھمکیاں دیکر منحرف کرا دیا گیا‘ مقدمے کا اہم ملزم ہونے کے باوجود سوامی اسیم آنند کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا جو آجکل روپوش ہے۔ ممبئی کے علاقے مالیگائوں میں 6 برس قبل مسجد کے باہر ہونیوالے دھماکے میں 8 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے اس کیس میں کرنل پروہت گرفتار اور کئی سال جیل میں بند رہا اس نے گزشتہ دنوں بھارتی وزیر منوہر پاریکر کو خط لکھ کر رہائی میں مدد دینے کا مطالبہ کیا اس نے کہا کہ اس نے ملک کیلئے خدمات انجام دیں مگر اسکی عزت و ناموس ’’بے بنیاد‘‘ مقدمات کے ذریعے مٹی میں ملا دی گئی۔ دوسری طرف منوہر پاریکر نے نیوی کمانڈرز کی کانفرنس کے موقع پر کہاکہ کرنل پروہت کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے فوج تمام ضروری دستاویزات فراہم کرے گی انکی مکمل مدد کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مالیگائوں دھماکہ کیس کے 3 اہم گواہ بھی ہندو تنظیموں نے خفیہ دبائو کے ذریعے منحرف کرا دئیے ہیں انکے نئے بیانات قلمبند ہونے کے بعد اس مقدمے سے بھی کرنل پروہت کی جان چھوٹ جائیگی۔

مزیدخبریں