اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب) قمر زمان چودھری کے خلاف کل( پیر) کو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ریفرنس میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ریفرنس دائر کرنے کا یہ فیصلہ پانامہ لیکس کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے تحریک انصاف کا موقف ہے کہ چیئرمین نیب نے پانامہ لیکس کے مقدمے میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں کی بیرون ملک موجود اثاثوں کی تحقیقات کرنے میں غفلت برتی اور وہ قومی اہمیت کے حامل نیب جیسے ادارے کی سربراہی کرنے کے اہل نہیں ۔ ذرائع نے بتایا تحریک انصاف آرٹیکل 209 کے تحت نیب کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر کے ان کو ہٹانے کا مطالبہ کرے گی۔