نواز شریف چور ہیں ، ہرحال میں گھر جانا پڑے گا ، زرداری نے ایک لاکھ ایکڑ زمین پر قبضہ کیا: عمران خان

Apr 23, 2017 | 18:49

ویب ڈیسک

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کرنیوالی ”جے آئی ٹی“ کو مسترد کردیا ہے ، وزیراعظم چور ہیں اور انہیں ہرحال میں گھر جانا پڑے گا ،28اپریل کے جلسے میں وزیراعظم پر استعفے دینے کے حوالے سے دباﺅ ڈالیں گے۔ان خیالات کا اظہار عمران خان نے دادو میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف اور زرداری دونوں کرپٹ ہیں لیکن ان میں ایک منافق اور دوسرا ڈنکے کی چوٹ پر چوری کرتا ہے اور زرداری نے پاکستان کاپیسہ چرایا اور نوازشریف کے بعد اب اس کی باری ہے۔ ملک کو تباہ کر نے میں آصف زرداری اور نوازشریف کا ہاتھ ہے جو تیس سالوں سے باریاں لے رہے ہیں اور ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے،30 سال سے ملک کو لوٹا جارہا ہے، جو لوگ مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں وہ بے وقوف ہیں۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ ایسے میں جے آئی ٹی جو وزیراعظم کے نیچے ہے وہ آخر کس طرح نوازشریف کیخلاف تحقیقات کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مہذب معاشرے میں ٹرین حادثے پر وزیرمستعفی ہوجاتے ہیں مگر یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے کوئی اپنی غلطی تسلیم ہی نہیں کرتا۔ عمران خان نے کہا عدالت نے قطری شہزادے کے خط کو مستردکردیا۔ انہوں نے کہا سندھ میں دیر سے آیا ہوں، بڑا جلسہ کریں گے قوم کو بیدارکرنے کے لئے تحریک کاآغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا 28اپریل بروز جمعہ کو اسلام آباد میں ایک بہت بڑا جلسہ کرینگے جس میں وزیراعظم نوازشریف پر دباﺅ ڈالیں گے کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی منی ٹریل بھی مسترد کردی گئی۔ عدالت نے کہا وزیراعظم صادق اور امین نہیں پھر بھی مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔ مٹھائیاں بانٹنے والے بیوقوف ہیں اور نواز شریف میں شرم ہوتی تو مستعفی ہوجاتے۔ عمران خان کا کہنا تھا زرداری اقتدار سے پہلے کیا تھے او ر اب اربوں کے مالک بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے سندھ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ 15 شوگر ملز کا مالک ہے اور اس کی اربوں ڈالرز کی جائیداد باہر پڑی ہے یہ سارا پاکستان کا پیسہ ہے جو چوری کیا ہوا ہے۔

مزیدخبریں