مروجہ جمہوری نظام میںقومی اتفاق رائے سے اصلاحات کی جائیں

راولپنڈی( نیوز رپورٹر )خاکسار تحریک پاکستان کے نائب امیر نثا ر خا ن وخاکسار رہنما حکیم علی نصر عسکری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور عوام الناس کی توقعات کے مطابق ایک اسلامی فلاہی و جمہوری ریاست کے قیام سے ہی عوام کے مسائل حل ہونگے - انہوں نے کہا کہ اس بارے میںقومی اتفاق رائے سے مروجہ جمہوری نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے - وہ راولپنڈی میںخاکساروں اور ان کے معا ونین کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے -اس موقع پر ، سالار شہر محمد سلیم ، سالار ادارہ یاور صدیقی،، عبید ملک، ثناء اللہ اختر ، ملک خورشید احمد ،دانش صدیقی،پذیر احمد، ، عامر میر ،قاضی قدوس ،، احتشام و عائشہ احتشام ، ڈی آئی خان کے سالار محمد ساجد و دیگرخاکساررہنما بھی موجودتھے ۔نثار خان نے کہاکہ قیام پاکستان سے اب تک بر سر اقتدار آنے والی حکومتوں کے دور میں مذکورہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے اور ملک سے بد عنوانیوں و کرپشن کے خاتمے کے لیے کئے جانے والے اقدامات توقع کے مطابق نتائج نہ حاصل کر سکے مگر یہ حقیقت ہے کہ پاکستان نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوا اور ملک کے دفاع کی اہلیت میں بھی اضافہ ہوا -انہوں نے کہا کہ ہمیں مذکورہ کوششوں کو جاری رکھنے کے ساتھ انہیں مذید نتیجہ خیز بنانے کے لیے مشاورت و اتفاق رائے سے اصلاحات کا عمل جاری رکھنا چاہیے -خاکسار علی نصر نے کہا کہ ملکی نظام میں بہتری لانے کے لیے بتدریج اقدامات کی ضرورت ہے جس میں ملک میں قیام امن اور ملکی یکجہتی پیش نظر رہے -خاکسار محمد ساجد نے خاکساروں کو تلقین کی کہ وہ خدمت خلق سے متعلق اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کریں تاکہ ملک میں اخوت و اسلامی بھائی چارے کے جذبات کو فروغ ہو ۔

ای پیپر دی نیشن