لاہور(سپورٹس ڈیسک)واہگہ بارڈ ر پر پرچم اتارنے کی تقریب کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے دوران فاسٹ باﺅلر حسن علی نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز اور عوام کی جانب رخ کر کے جشن منانے کا مخصوص انداز اپنایا تو بھارتی فوج کو ”مرچیں “لگ گئیں ۔ بھارتی بارڈر فورس نے حسن علی کی جانب سے پریڈ میں مداخلت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی رینجرز کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز (پنجاب فرنٹیئر )کے انسپکٹر جنرل موکول گوئل نے کہا ہے کہ حسن علی کی جانب سے مداخلت نے پریڈ کی ”حرمت “کو نقصان پہنچایا ۔ ہم پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ بارڈر کے دونوںجانب تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ پر رہ کر کوئی بھی جارحانہ انداز اپنا سکتا ہے لیکن کوئی عام شخص پریڈ میں مداخلت نہیں کر سکتا ۔ پریڈ سے پہلے یا پریڈ کے بعد لوگوں کو اس طرھ کے کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے ۔ لیکن پریڈ کے درمیان وہ ایسا کوئی کام ہرگز نہیں کر سکتے ہیں ۔ بارڈر سکیورٹی فورس کے ترجمان اور ڈی آئی جی آر ایس کٹاریہ نے کہا کہ میں اس وقت چھٹیوں ہر ہوں لیکن اس معاملے کی تحقیقات کی ہیں ۔بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک افسر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پریڈ دیکھنے کیلئے واہگہ بارڈ رآئی تھی جہاں پریڈ کے دوران ایک پاکستانی کرکٹر نے اشتعال انگیز اشارے شروع کر دیئے ۔ یہ سب پاکستانی سائیڈ پر ہوا جبکہ بعد میں پاکستانی حکام نے اس کھلاڑی کو بٹھا دیا ۔ چونکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی پریڈ ہے اس لئے بی ایس ایف پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائے گی ۔
بھارتی بارڈر فورس