فرائض میں غفلت : ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور محمد رمضان معطل‘ ڈی ڈی سکھر کیخلاف تحقیقات کا آغاز

اسلام آباد (اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمدرمضان کو کام میں مبینہ نا اہلی اور سرکاری فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا ہے۔ ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیااس حوالے سے انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور رمضان کو ان کے خلاف الزامات کے حوالے سے قانون کے مطابق صفائی فراہم کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب سکھر کاشف ممتاز گوندل کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جن کو چیئرمین نیب کی ہدایات پر تین ماہ کے لئے معطل کیا گیا تھا۔ اسی طرح چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کے 85 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی گئی ہیں جن میں سے 23 افسروں اور اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کی بڑی سزا دی گئی ہے جبکہ 32 افسروں اور اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا ”احتساب سب کے لئے“ کی جانب پیش قدمی کے لئے خود احتسابی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا قومی احتساب بیورو ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف چیئرمین نیب کو شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر تحقیقات کے بعد کارروائی کی گئی۔
نیب‘ معطل

ای پیپر دی نیشن