بھارتی صدر نے بچوں سے زیادتی کے جرم میں سزائے موت کے آرڈیننس کی توثیق کردی

Apr 23, 2018

نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی صدر رام ناتھ کوند نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے ملزمان کو سزائے موت دینے کیلئے کابینہ کے منظور کردہ آرڈینینس پر دستخط کر دیئے ۔اتوار کوبھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی صدر رام ناتھ نے چائلڈ پروٹیکشن قانون میں سزائے موت سے متعلق ترمیمی آرڈینینس پر دستخط کر کے آرڈینینس کی توثیق کردی ہے جس کے بعد آرڈینینس کو دونوں پارلیمان میں پیش کیا جائے گا جہاں منظوری کے بعد یہ ترمیمی بل فوری طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے لیے قانون میں ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس قانون کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو کم سے کم سزا 20 سال یا تاحیات قید اور زیادہ سے زیادہ سزائے موت دی جا سکے گی۔ اس سے قبل اس جرم کی سزا محض 7 سے 10 سال قید تھی۔ کشمیر اور ممبئی میں بچیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کے بعد شدید عوامی دباو کا سامنا کرنے والی مودی سرکار معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے لیے سزائے موت کے قانون کی منظوری دینے پر مجبور ہوئی۔
بھارتی صدر

مزیدخبریں