لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپین شپ کے لئے 12 رکنی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ چوہدری اقبال اختر ٹیم لیڈر جبکہ قاضی تنویر اور سمی رضوی کوچز ہونگے۔ 12 رکنی قومی ٹیم آٹھ مرد اور چار خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، مرد کھلاڑیوں میں محمد وسیم، محمد حمزہ، حسن رضا، محمد شہزاد، وقار یونس، معید بلوچ، عبدالرزاق اور غلام محی الدین جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں تحریم، عیشا، ثائقہ اور نورالعین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی مردوں کے 6 اور خواتین کے 3 ایونٹس میں حصہ لیں گے، چیمپیئن شپ میں پاکستانی مرد کھلاڑی ڈیسک تھرو۔ 100میٹر ریس۔ 200میٹر ریس،۔ 400 میٹر ریس، 4X100 ریلے ریس اور 4X400 ریلے ریس جبکہ خواتین کھلاڑی 100میٹر ریس، 200میٹر ریس اور 4X400 ریلے ریس کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 5 مئی سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہوگی، جس میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان سمیت میزبان سری لنکا، بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، افغانستان اوربنگلہ دیش شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے اور ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ محمد اصغر گل کے علاوہ دیگر کوچز رانا سجاد، بشریٰ پروین اور سمی رضوی جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی 4 مئی کو سری لنکا روانہ ہونگے۔