لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ اجلاس میں ارکان نے اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہوکر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔ عمران خان اور عثمان بزدارکے سپاہی ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ بزدار اچھے وزیراعلیٰ ہیں اور آپ سب کی بات تحمل سے سنتے ہیں۔ ان جیسا وزیراعلیٰ ہماری خوش قسمتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اس منصب کو اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی سمجھتا ہوں۔ وزیراعظم اور آپ نے مجھے وزیراعلیٰ منتخب کیا ہے۔ وزارت اعلی کا منصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے۔ پنجاب اسمبلی میں قلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے پر آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اضلاع میں جاکر صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں، تین دن دورے کیا کروں گا۔ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جو عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔ نئے بلدیاتی نظام میں عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے۔ پنجاب میں نئی تبدیلی آئے گی۔ سٹیٹس کو ختم کر کے نیا نظام رائج کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اب بھی سرخروہوں گے۔ عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ یہ سفر پوری قوت سے جاری و ساری رہے گا۔ ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔وزراء اورسیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیازآپریشن جاری ہے۔ آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ آپ کی عزت میری عزت ہے۔ کرپشن کرنیوالے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ ہماری حکومت نے کرپشن کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ صوبے میں نئی تحصیلیں اور اضلاع بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ارکان اسمبلی کو بھی آن بورڈلیا جائے گا۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قانون سازی کیلئے نمایاں کام کیا ہے۔رواں سیشن میں پانچ بل پیش کیے جارہے ہیں۔اجلاس میں سیاسی امور ،پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی اوردیگر اہم معاملات پر زیر غور آئے۔سردار فتح محمد خان بزداراور رکن پنجاب اسمبلی احمد علی دریشک کے والدکیلئے فاتحہ خوانی کی۔رکن پنجاب اسمبلی زارانقوی کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی فیزون کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی پلاٹنگ کا کام 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میں خصوصی افراد کے بھرتی کے کوٹہ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں 3 بس ٹرمینل بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویڑن ماسٹر پلان 2040 کیلئے کنسلٹنٹ اور دیگر امور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی رائز بلڈنگز کی پلاننگ کی پالیسی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ایل ڈی اے کی حدود سے دیگر اضلاع کو نکالنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی آفس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمپلیکس کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔وزیراعلیٰ کومنصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سدرن لوپ تھری کے منصوبے کی اصولی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ رنگ روڈ کے اردگرد 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اوردبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے لاہور چڑیا گھر کیلئے شیروں اورچیتوں کی آمد پر خصوصی تقریب کے عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ عثمان بزدار نے شیروں اور چیتوں کوپنجروں میں رکھنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا اورکہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اوردبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس تحفے پر شکر گزار ہیں۔تحفے میں ملنے والے شیروں اورچیتوں کی قیمت تقریباً 10کروڑ روپے ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں۔ ہماری پوری ٹیم متحد ہے۔ پنجاب میں ایک ٹیم ورک کے طورپر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔عثمان بزدار سے فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔