راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی اور گردونواح میں کارروائیاں کرتے ہوئے ممنوعہ اشیاء کی فروخت،مضر صحت اجزاء کے استعمال اورصفائی کے ناقص انتظامات پر3فوڈ پوائنٹس کو سر بمہر کیا۔ متعدد فوڈ پوائنٹس کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کر نے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر238,500کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ گٹکا،زائدالمیعاد اشیاء کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پروقاص علی جنرل سٹور اینڈ پی سی اوکو سیل کر دیا۔اسی طرح مٹھائی کی تیاری میں کھلے رنگوں،کیمیکلز کے استعمال،حشرات کی بہتات اور لیبلنگ کی عدم موجودگی پر چوہدری سویٹس شاپ کو سر بمہر کیا گیا۔مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیم نے سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی،غیر معیاری سٹوریج ،گندے اور بد بودار حالت کی بناء پر نوری بروسٹ کو سیل کر دیا۔علاوہ ازیں راولپنڈی میں چیکنگ کر تے ہو ئے مختلف فوڈ پوائنٹس کو مضر صحت اشیاء کی فروخت، غیر معیاری سٹوریج ، ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی اورصفائی کے ناقص انتظامات پر 153,000 کے جرمانے عائد کیے ۔چکوال،اٹک اور جہلم میں متعدد فوڈ پوائنٹس کو پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 85,500کے جرمانے عائد کیے۔فوڈ سیفٹی ٹیموںنے متعدد کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ناقص مٹھائیاں، غیر معیاری،زائدالمیعاد اور مضر صحت اشیاء تلف کر دیں ۔ درجنوں فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔