کرونا: سابق صوبائی وزیر سردار مصطفی سمیت مزید 15 جاںبحق، کیس 10503

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ (خصوصی نمائندہ+ وقائع نگار+ جنرل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 15 افراد جاں بحق ہو گئے، اموات کی تعداد 222 ہوگئی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 837 کیس سامنے آگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 10503 ہو گئی۔ یہاں یہ بات اہم ہے کہ اسی طرح اموات کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک میں ہونے والی مجموعی اموات میں پہلے100 اموات 28 دن میں ہوئیں جبکہ باقی100 سے زائد اموات صرف7 دن میں ریکارڈ کی گئیں۔ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز اور اموات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے کرونا وائرس کے تازہ ترین اعدادوشمار میں 3373،خیبرپختونخواہ میں 1345 اور بلوچستان میں 495 ، گلگت بلتستان میں 283 اور اسلام آباد میں 194 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 51 ہے۔کمانڈ سینٹر کے مطابق اب تک کرونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں مزید 3 اموات ہوئی ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کے 58 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا کے دو ہزار ایک سوچھپن مریض صحت یاب ہوچکے ہیں سب سے زیادہ پنجاب میں سات سو بیالیس، سندھ میں چھ سو پینسٹھ، کے پی کے میں تین سو پینتیس، گلگت میں ایک سو اٹھانوے ، بلوچستان میں ایک سو سرسٹھ، اسلام آباد مین چھبیس اور آزاد کشمیر میں تئیس افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون 2 میں کرونا کے 7 نئے کیسز سامنے آگئے، مدرسہ باب السلام کے خطیب قائم علی شاہ اور ان کی فیملی کے ٹیسٹ مثبت آئے،7 افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مدرسہ سیل کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف سیون ٹو میں مدرسہ باب السلام کے خطیب قائم علی شاہ اور ان کی فیملی کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں، قائم علی شاہ کے والد تین دن پہلے فوت ہوئے انکا ٹیسٹ مثبت آیا، کنٹیکٹ ٹریسنگ پر مرحوم کے بیٹے بہو اور دیگر خاندان کے افراد کے ٹیسٹ لئے گئے،7 افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مدرسہ سیل کر دیا۔ مشتبہ مریضوں کو مدرسہ میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں کرونا وائرس سے سابق صوبائی وزیر سمیت 2افراد جاں بحق، صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 8ہوگئی جبکہ 57نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 552ہوگئی۔ محکمہ صحت بلوچستان کے کرونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کوبلوچستان میں کرونا وائرس کے زیرعلاج سابق صوبائی وزیرسردار مصطفی خان ترین سمیت2افرادجاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 8ہوگئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افرادکرونا کے ساتھ ساتھ دیگر امراض کا بھی شکار تھے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کو بلوچستان میں مزید 57افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 552ہوگئی ہے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر کی ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ قومی ادارہ صحت نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے انفیکشن کی روک تھام اور مریضوں کی سیفٹی، حفاظت کے لئے ہسپتالوں کے لئے گائیڈ لائنز تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سینٹر فار آکوپیشنل سیفٹی(سی او پی ایس) سینٹر بھی قائم کیا ہے ۔ اس حوالے سے قومی ادارہ صحت میں آج ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا تھے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ جس مربوط طریقے سے کام ہورہا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ کرونا وائرس کے تین مریض گزشتہ روز آر آئی یو میں انتقال کر گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مریض جس کا نام گل خان تھا اسی طرح دوسرا مریض بھی اس وائرس سے انتقال کر گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈ ی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ آر آئی یو ڈاکٹر خالد رندھاوا نے بھی تینوں مریضوں کی کرونا وائرس سے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 320 افراد کرونا پازیٹو کا شکار ہو گئے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ مزیت تین مریض جاں بحق ہوئے ہیں جس سے سندھ میں کرونا کا شکار انتقال کرنیوالے افراد کی تعداد 69 ہو گئی ہے سندھ میں کرونا وائرس کے شکار افراد کی مجموعی تعداد 3373 ہو گئی ہے۔ ملتان میں قومی ائر لائن (پی آئی اے) کارگو برانچ کا اسسٹنٹ آفیسر ہارون رشید کرونا وائرس سے جنگ لڑتے ہوئے نشتر ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔ پی آئی اے حکام نے ائر پورٹ پر واقع کارگو آفس کو سیل کر دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق کنک منڈی کینٹ کا رہائشی ہارون رشید کارگو برانچ ائر پورٹ پر اسسٹنٹ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا سوموار 20 اپریل کو دوران ڈیوٹی اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے گھر بھجوا دیا گیا طبیعت مزید بگڑنے پر اس کے اہلخانہ منگل 21 اپریل کو پی آئی اے کے میڈیکل سنٹر میں میڈیکل آفیسر مریض کو بخار اور سانس لینے میں دشواری کی اطلاعات دیکھتے ہوئے نشتر ہسپتال کے کرونا کیلئے مختص وارڈ نمبر 27 میں ایڈمنٹ کروا دیا تاہم منگل کی رات 3 بجے ہارون رشید کرونا سے جنگ لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ فیصل آباد میں تبلیغی جماعت کے ایک اور بزرگ حاجی عبدالقیوم کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، لاثانی ٹائون کے 74سالہ مرحوم گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں زیر علاج تھے، بعض مذہبی حلقوں کی طرف سے مرحوم کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کے بارے میں بے بنیاد خبر پھیلائی گئی جو کہ حقیقت پرمبنی نہیں۔ کرونا کی مشتبہ مریضہ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں زندگی کی بازی ہار گئی جسے کرونا کے ایس او پیز کے مطابق نواحی گائوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جبکہ گزشتہ روز نواحی گائوں 478 گ ب کی رہائشی 55 سالہ ساجدہ بی بی زوجہ عبدالرحمن کو شدید بخار، نزلہ زکام ہونے پر تشویش ناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد اس میں کرونا کا شبہ ظاہر کرنے پر گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر ریفر کر دیا گیا۔ جہاں پہنچتے ہی مذکورہ خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔ کرونا وائرس نے پی ایچ اے لاہور کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان کرونا سے شفایاب ہو گئے۔ تاہم پی ایچ اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس کرونا وائرس میں متلا ہو گئے۔بیجنگ+ لندن+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + عارف پندھیر+ شنہوا) دنیا بھر میں کرونا کے وار جاری ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار 113 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 26 لاکھ 6632 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 7 لاکھ 13 ہزار 802 ہو گئی۔ امریکہ میں گزشتہ روز 831 افراد کرونا سے ہلاک ہوئے‘ مجموعی تعداد 46 ہزار 149 ہو گئی۔ برطانیہ میں کرونا 763 افراد کو نگل گیا۔ مجموعی تعداد 18 ہزار ایک سو ہو گئی۔ سپین میں گزشتہ روز 435 افراد ہلاک ہو ئے۔ مجموعی تعداد 21 ہزار 717 ہو گئی۔ کرونا سے فرانس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 544 رہی۔ مجموعی تعداد 21 ہزار 340 ہو گئی۔ اٹلی میں ہلاک شدگان کی تعداد 437 رہی۔ مجموعی تعداد 23 ہزار 340 ہو گئی۔ بیلجیئم میں گزشتہ روز 264 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی تعداد 6262 ہو گئی۔ کینیڈا میں 132 اور نیدرلینڈ میں 136 افراد ہلاک ہوئے۔ ترکی میں کرونا نے گزشتہ روز 117 جانیں لیں۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2376 ہو گئی۔ ایران میں گزشتہ روز 94 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی تعداد 5391 ہو گئی۔ بدھ کے روز ہاؤس آف کامنس میں حکومت کے کوویڈ 19 کے جواب کے بارے میں ایک تازہ ترین معلومات پیش کرتے ہوئے ، مسٹر ہینکوک نے برطانوی عوام کا لاک ڈاؤن قوانین پر عمل پیرا ہونے میں ان کے "ثابت قدم عزم" پر شکریہ ادا کیا۔ لیکن سیکرٹری صحت نے مزید کہا کہ جب تک لاک ڈاؤن سے باہر نکلنے کے لئے حکومت کے پانچ ٹیسٹ نہیں ہوجاتے ہیں تب تک معاشرتی دوری کے اقدامات میں نرمی یا تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت نے بعد میں اعلان کیا کہ برطانیہ کے ہسپتالوں میں 18100 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 763 اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن