اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ریلوے ملازم انتھونی رائے کیس میں تیاری نہ کرکے آنے پر سپریم کورٹ نے ریلوے کے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم دلچپسی کے باعث ہی ریلوے کا یہ حال ہے۔ سپریم کورٹ میں ریلوے ملازم انتھونی رائے کی ملازمت سے نکالے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس کی سربر اہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے آغاز پر ریلوے کے وکیل نے کہا مجھے کل ہی نوٹس ملا ہے جس کے باعث میں تیاری نہیں کر سکا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کیس ہمارے سامنے لگا ہے موخر نہیں کریں گے ہم کیس کو سنیں گے۔ آپ نے کیس لیا تھا تو پڑھ کر آنا چاہیے تھا۔ یہ کوئی مجسٹریٹ کی عدالت نہیں ہے۔ ریلوے کی کیس میں کوئی دلچسپی نہیں لگ رہی۔ یہ ریلوے کا جو حال ہے اسی وجہ سے ہے۔ وکیل صاحب بھی کوئی توجہ نہیں دے رہے ایسے ہی عدالت میں آ کر کھڑے ہو گئے۔ ریلوے وکیل نے کہا مجھے کل ہی فون پر کیس کا بتایا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کیا بچوں جیسی بات کر رہے ہیں آپ کوئی پہلی یا دوسرے کے بچے نہیں ہیں آپ سپریم کورٹ کے سامنے کھڑے ہیں۔ اور ایک بڑے محکمے کی طرف سے پیش ہو رہے ہیں۔ دلائل پر چیف جسٹس نے کہا جمعرات کو اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔
عدم دلچسپی سے ریلوے کا یہ حال ہے: چیف جسٹس‘ وکیل کے تیاری نہ کرنے پر برہم
Apr 23, 2020