سعودی محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں نے مکہ شہر کی کچی آبادیوں اورغیر منظم طریقے سے آباد محلوں میں کورونا وائرس کی سکرینینگ اور کورونا کے فیلڈ ایکٹیو ٹیسٹ کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے ۔سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مکہ شہر کے تمام محلوں میں پیشگی اقدام کے طور پر زبردست فیلڈ ٹیسٹنگ مہم چلائی جا رہی ہے۔ فیلڈ ٹیموں نے غیر ملکی کارکنان کی اجتماعی رہائشوں اور متعد غیر منظم محلوں میں فیلڈ ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔محکمہ صحت مکہ نے بتایا کہ ایکٹیو ٹیسٹ کی وجہ سے شہر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے متاثرین میں بعض ایسے افراد شامل ہیں جن میں وائرس کی علامتیں معمولی درجے کی ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ ہسپتالوں کا رخ کریں۔ بعض ایسے کیس بھی سامنے آئے ہیں جن میں کورونا کی کوئی علامت نہیں تھی۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں کووڈ۔ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 772 تک پہنچ چکی ہے۔
سعودی محکمہ صحت نے مکہ کی کچی آبادیوں میں کورونا ٹیسٹ کی شرح میں اضافہ کر دیا
Apr 23, 2020 | 11:25