ٹوکیو(آئی این پی)جاپانی ماہرین اور پروفیسرز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلا کو دیکھتے ہوئے 15ماہ بعد بھی اولمپکس کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔جاپانی پروفیسر کینتارو اواتا نے کہا کہ اگر میں آپ سے سچ کہوں تو میرا نہیں خیال کہ اگلے سال بھی اولمپکس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اولمپکس کے انعقاد کے لیے دو چیزیں سب سے اہم ہے ہیں، پہلی یہ کہ جاپان میں وائرس پر قابو پایا جائے اور دوسری کووڈ-19پر دنیا بھر میں قابو پا لیا جائے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب غیریقینی صورتحال کی وجہ سے منتظمین کے لیے ایونٹ کا انعقاد خطرے سے خالی نہ ہو گا خصوصا ایسے میں اگر کہ اگلے سال تک کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہو جاتی۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلا کو دیکھتے ہوئے جاپان اور انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے رواں سال شیڈول ٹوکیو اولمپکس کو ایک سال ملتوی کردیا تھا۔تاہم ایک لاکھ 60ہزار سے زائد افراد کی موت اور 24 لاکھ متاثرین کے بعد یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا 15ماہ بعد بھی اولمپکس کا انعقاد ممکن ہو سکے گا کیونکہ ابھی تک اس وائرس کے علاج کے لیے کوئی ویکسین بھی نہیں بنائی گئی۔یاد رہے کہ اولمپکس کو آخری مرتبہ جنگ عظیم دوئم کے موقع پر 1940 میں ملتوی کیا گیا تھا اور حیران کن اتفاق یہ ہے کہ اس وقت بھی اولمپکس کا انعقاد ٹوکیو میں ہی ہونا تھا۔
کورووائرس،ٹوکیو اولمپکس کے 2021 میں انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا
Apr 23, 2020