بیسٹ وے گروپ کا کورونا ریلیف فنڈ میں 600ملین روپے کاعطیہ

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان کے معروف غیر ملکی سرمایہ کار بیسٹ وے گروپ نے اپریل 2020 تک گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے لیے 600 ملین روپے بشمول کووڈ ۔19 کے ریلیف فنڈ کے لیے گزشتہ روز ہی وزیراعظم کو 200 ملین روپے کا چیک پیش کیا ہے۔بیسٹ وے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں گروپ کے سی ای او لارڈ ضمیر چوہدری، (CBE SI Pk) نے کہا ہے کہ ’’ہم اپنے چیئرمین سر انور پرویز،(OBE HPk) کی جانب سے پاکستان کے عوام کی بہتری کے لیے خدمات انجام دینے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ یہ سب سے بڑے اوورسیز پاکستانی انویسٹر کی حیثیت سے ہماری ذمے داری ہے اور انشاء اللہ ہم اس کٹھن وقت میں اپنے وطن کے لوگوں کی خدمت سے کسی طور پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اپریل 2020 تک گزشتہ چار ماہ کے دوران ہمارے گروپ نے کووڈ۔19 ریلیف اور دیگرCSR سرگرمیوں میں 600ملین روپے سے زائد صرف کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جب اور جہاں ضرورت ہوئی ہم مزید وسائل فراہم کریں گے۔ بیسٹ وے گروپ پاکستان میں اپنے کلیدی ذیلی اداروں، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیز اپنی فلاحی امدادی تنظیم بیسٹ وے فاؤنڈیشن کے ذریعے یہ مالی تعاون فراہم کررہا ہے۔ گروپ ملک کے معروف ہیلتھ کئیر کے اداروں کے ساتھ شراکت کار کے طور پر مصروف عمل ہے اور ملک بھر میں اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز اور دیگرضروری طبی آلات و ادویہ عطیے میں دیئے گئے ہیں۔ گروپ اس کے علاوہ بھی ملک بھر میں اپنے مقامی سماجی طبقات کے ساتھ موثر طور پر سرگرم ہے اورہزاروں مستحق خاندانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیائے خورونوش اور مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ امداد کے اس سلسلے کے علاوہ بھی بیسٹ وے گروپ عمومی طور پر وسیع تر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔ لارڈ چوہدری کی سرپرستی میں بیسٹ وے گروپ نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں 21ملین ڈالر سے زائد کے عطیات فراہم کیے ہیں۔ ایک سالانہ بنیادپر گروپ اپنے اس مقاصد کے لیے تشکیل دیئے گئے بنیادی ہیلتھ یونٹس میں 35,000 سے زائد افراد کو مفت طبی علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔بیسٹ وے فاؤنڈیشن کے ذاتی اور فنڈڈ تعلیمی اداروں میں 5,000 سے زائد بچے مفت تعلیم سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔اس کے علاوہ گروپ کے ذیلی اداروے بیسٹ وے سیمنٹ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ملک کے 10 بڑے امدادی اداروںمیں شامل کیے جاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن