جزوی لاک ڈائون کے دوران شہروں میں ٹریفک کا بہائو بڑھنے کے بارے میں رپورٹ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی، دوسرے لاک ڈاون کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کا بہائو 25 سے 49 فیصد تک جاپہنچا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22 مارچ سے ہونے والے پہلے لاک ڈائون میں شہروں میں ٹریفک 25 فیصد رہی، پہلے لاک ڈائون میں عوامی رسپانس اور عملدرآمد کا رزلٹ بہتر ہوا، پہلے لاک ڈائون میں عوام کی جانب سے سماجی فاصلے رکھنے کی پالیسی پر زیادہ عمل ہوا۔رپورٹ کے مطابق دوسرے جزوی لاک ڈائون میں ٹریفک کا بہائو 49 فیصد سے زائد جا پہنچا ، دوسرے جزوی لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انتظامی آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈائون کے فیصلوں پر روح کے مطابق عمل کرایا جائے، جزوی لاک ڈائون کورونا کے سدباب کے لئے کیا گیا، لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کرونا آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے۔