پاکستان نے انتہا پسندہندو تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے زیراثربھارتی حکومت کی مسلمانوں کیخلاف امتیازی پالیسیوں اور اقدامات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وارنیوز بریفنگ میں اس امر پر افسوس ظاہر کیا کہ کوروناوائرس کی عالمی وبا سے درپیش مسئلے کے باوجود بھارت کی جانب سے یہ پالیسیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا یہ بات افسوسناک ہے کہ بھارت میں منظم مسلم کش مہم جاری ہے جسے نظرانداز کرنے سے ان پر بلوائیوں کے حملے کے خطرے میں اضافہ ہوا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی سیاسی ذرائع ابلاغ کے حلقوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلمانوں اور اسلام کیخلاف منفی جذبات میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے جہاں بھارتی مسلمانوں کو کوروناوائرس کے پھیلائو پر مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کاحوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کومقبوضہ وادی میں بے بنیاد اور من گھڑت الزامات اور صحافیوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پربھی تشویش ہے۔