گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ نارووال (نمائندگان+ نامہ نگاران) گندم سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں۔ گوجرانوالہ کے مختلف مقامات سے 14 ٹرک‘ ٹرالیوں کو 3870 بوری گندم سمیت قبضہ میں لے لیا گیا۔ سرگودھا 2 ہزار بوری، نارووال میں 22 ہزار بوری گندم برآمد کرکے گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔ اے سی سیدہ تہنیت بخاری نے محکمہ فوڈ کے اے ایف سی عاطف حسین راںاور ان کی ٹیم کے ہمراہ لاہور روڈ پر ایک شیلر کے گوداموں میں چھاپہ مارا اور ذخیرہ کی گئی 22ہزار گند م کی بوریوں کو برآمد کر لیا جن کی مالیت تقریبا پانچ کروڑ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ شیلر مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروا کر گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیرآباد اور کامونکی میں ضلعی انتظامیہ کا گندم سمگل کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔ مزید، 14 ٹرک، ٹرالیوں کو 3870 بوری گندم سمیت تحویل میں لے لیا، گندم سرکاری گوداموں میں منتقل کردی ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز(وزیرآباد)عامر محمود، کمشنرز قراۃ العین ظفر (کامونکی) نے چھاپہ مار کاروائیوں، ناکوں اور روڈ پر چیکنگ کے دوران ٹال پلازہ کامونکی، منڈیالہ تیگہ ، کھیون کوٹ اور دینسر پاین کے مقام پر گندم سمگل کرنے والی گاڑیاں ٹرک، ٹریلر اور ٹرالیاں تحویل میں لیں جنہیں متعلقہ اسسٹنٹ کنٹرولر اور ریونیو افسران کی نگرانی میں گوداموں میں منتقل کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کسی کو غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے اور سمگل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا کے موضع جہان آباد میں چھاپہ مار کر گوجرانوالہ سمگل کے لئے ذخیرہ کئی گئی 2 ہزار بوری گندم برآمد کرکے گندم خریداری مرکز منتقل کر دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان نے سخت ہدایات جاری کیں کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہ کی جائے گی۔