ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہ کرنا،ذمہ دار حکومت ہے ، انعام بٹ

Apr 23, 2021

کراچی  (اسپورٹس رپورٹر)  ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد پاکستان کے نامور پہلوان انعام بٹ نے اس کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریسلنگ کو یکسر نظر انداز کردیا،ورلڈ ریسلنگ چیمپیئن شپ 2019 کیلئے ایک پیسہ بھی نہیں ملا اگر وہ چیمپیئن شپ کھیل جاتا تو آج اولمپکس میں ہوتا۔س سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو فنڈ کیلئے کئی خطوط بھی لکھے تھے مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ حکومت نے ریسلنگ کو یکسر نظرانداز کردیا ہے۔انعام بٹ نے کہا کہ ہم تین سال سے تربیتی کیمپ تک نہیں لگاسکے ہیں، میں نے اپنی ساری جمع پونجی لگا دی تاکہ اولمپکس کھیلنے کا خواب پورا ہوجائے لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ سال 2020 میں دیگر ممالک نے بائیوسیکیور ببل میں کیمپ لگائے تو اس وقت ہم صرف ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے، بھارت، روس، ایران،امریکا نے کرونا وائرس کے دوران بھی کیمپ لگائے۔ایک سوال کے جواب میں انعام بٹ نے بتایا کہ جب اکھاڑے میں ٹریننگ شروع کی گئی تو ہم پر پابندی لگادی گئی، جب مناسب انداز سے ٹریننگ ہی نہیں کرسکے تو نتائج کیسے اچھے آتے؟۔انہوں نے کہا کہ میں اولمپک ایشین کوالیفائر میں کانسی کا تمغہ جیتنے والا پہلا پاکستانی ہوں، اپنے لائسنس کی فیس بھی خود بھری ہے، ریسلنگ فیڈریشن اگر فنڈز اکھٹا نہ کرتی تو پابندی لگ سکتی تھی۔

مزیدخبریں