دمشق‘ تل ابیب (این این آئی‘ انٹرنیشنل ڈیسک) شام سے اسرائیل کی جوہری تنصیبات پر میزائل حملہ کیا گیا، جواب میں صہیونی فضائیہ نے شام پر متعدد میزائل داغے، شامی فضائی دفاعی سسٹم نے بیشتر اسرائیلی راکٹ تباہ کر دیئے۔ میزائل صہیونی شہر ڈیمونا میں واقع جوہری تنصیبات سے 30 کلومیٹر دور پھٹا۔ دھماکے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔صہیونی شہری ڈر کے مارے میدانوں کی طرف دوڑ گئے۔ جانی نقصان نہیں ہوا۔ صہیونی فوج کے ترجمان کے مطابق شام کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیل کے جنگی طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹ کے ذریعہ نشانہ بنایا، جو ہدف سے دو سو کلومیٹر دور جوہری تنصیبات کے قریب گر گیا۔ واقعہ کے بعد اسرائیل نے شام پر فضائی حملہ کیا۔ متعدد میزائل داغے، اکثر میزائل شام کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردئیے۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں کے پیچھے ایران ہے جس نے نطنز جوہری گھر میں ہونے والے مبینہ اسرائیلی حملے کا بدلہ لیا ہے۔
شام سے اسرائیلی جوہری تنصیبات پر میزائل حملہ‘ صہیونی شہری خوفزدہ
Apr 23, 2021