اسلام آباد (این این آئی) نائیجیرین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے اونینیوچیا ایرابور نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور حالیہ برسوں میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے۔ معزز مہمان نے پاکستان سے حاصل کئے گئے JF-17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ JF-17 طیارے اپنی کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں کی وجہ سے نائیجیریا کی سکیورٹی کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے۔ دونوں معززین نے تربیت اور خود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔نائیجیرین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایرابور نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان نے بحرِ ہند میں میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔