اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ق نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لئے اپنے امیدوار کا نام دے دیا ہے اور مسلم لیگ ق نے ایم این اے حسین الہی کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو تحریری طور پر درخواست دے دی گئی ہے۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن نور عالم خان کو حکومت کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا۔ درخواست پر مسلم لیگ ق کے ایم این اے مونس الہی، ایم این اے فرخ اقبال اور حسین الہی کے دستخط ہیں، اس لیے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر معاملہ ایک بار پھر لٹکتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ اس پر پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے مستقبل کا دارومدار سپریم کورٹ میں زیر سماعت 63اے کی درخواست کے فیصلے اور پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے حوالے سے سپیکر کے آئندہ اقدام پر ہے کیونکہ سپیکر راجہ پرویز اشرف واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفے ڈی سیل کردیئے ہیں، قوانین کے مطابق منظور ہوں گے۔ اگر مستعفی ارکان ایوان میں دوبارہ واپس آجاتے ہیں تو پھر اپوزیشن لیڈر وہی بنے گا جس کو عمران خان نامزد کریں گے۔ لیکن اگر انکے استعفے منظور کر لیے جاتے ہیں اور سپریم کورٹ بھی استعفوں کے معاملے پر منحرف ارکان کے استعفے نہ دینے کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی قرار نہیں دیتی تو اپوزیشن لیڈر منحرف ارکان سے ہو گا جس کی نور عالم خان کو یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ مسلم ق کے دو ارکان چوہدری طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین وفاقی وزراء کا حلف اٹھا چکے ہیں۔