ہائرایجوکیشن کمیشن کے چار مبینہ غیرقانونی ممبران کی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ

Apr 23, 2022

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)ہائرایجوکیشن کمیشن کے چار مبینہ غیرقانونی ممبران کی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چاروں نام بجھوا دیے ہیں جن میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن،سابق سیکرٹری پلاننگ کمیشن شیخ اکرم، نادرا پنجوانی اور عارف بٹ شامل ہیں۔ذرائع سے معلوم ہواہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کمیشن کے باقاعدہ اختیارات ملنے کے بعد سب سے پہلا ایکشن لیتے ہوئے کمیشن کے غیرقانونی ممبران کی رکنیت ختم کرنے کے لیے عدالت عالیہ کے بعد اب وزیراعظم شہبازشریف کے نام باقاعدہ لیٹر جاری کردیاہے جس میں کہا گیاہے کہ کمیشن کے ممبران میں ازخود اور مبینہ سفارش کے باعث تعینات ہونے والے چار ممبران کی رکنیت ختم کی جائے۔واضح رہے رواں ہفتے کے شروع میں کمیشن کا غیرمعمولی اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر طارق بنوری نے کی اور اجلاس میں MUETکے ایڈوائز و سابق ڈین ڈاکٹر بھاوانی شنکر چودھری،زیبسٹ یونیورسٹی کی صدر مسز شہناز وزیر علی،سابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شمس قاسم لاکھا،LUMSکے سی ای او ڈاکٹر فیصل باری،این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی،لیفٹننٹ جنرل(ر)آصف ممتاز سکھیرا،ایچ ای سی کے کنسلٹنٹ برائے سی پیک محمد اصغر،وفاقی وزارت تعلیم کی سیکرٹری مس ناہید درانی،جوائنٹ سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی محی الدین سومرو اورایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی شائستہ سہیل نے شرکت کی اور چیئرمین ایچ ای کے چھینے گئے جملہ اختیارات انہیں واپس دینے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ غیرقانونی کمیشن ممبران کی معطلی کے بعد کمیشن کے ممبران کی شفاف تعیناتی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد ایچ ای سی کے مستقل ایگزیکٹیو ڈائریکٹرکی تعیناتی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں