کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام اورنگی ٹاون میں دعوت افطار کا انعقاد کیا گیاجس میں ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامرخان، وفاقی وزیر ورکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق،اراکین رابطہ شکیل احمد، احمد سلیم صدیقی،خالدسلطان،سی او سی انچارج فرقان اطیب و اراکین سمیت مرکزی ذمہ داران حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی،اورنگی ٹاون کے ذمہ داران، کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔دعوت افطار سے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں ہم نے تحریک انصاف سے علیحدگی کے بعد دو معاہدے اپوزیشن کی جماعتوں سے کئے گئے اس پر یہ منفی پروپیگنڈہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم نے شہر کے حقوق کا سودا کیا چاروں طرف سے مخالفین کی ہم پر یلغار ہوگئی جبکہ پی ٹی آئی نے اینٹی امریکہ اوراسٹیبلشمنٹ کے خلاف مہم شروع کی۔ عامر خان نے کہا کہ ہم نے اپنی تنظیم کے ساتھ کھڑے رہنا ہے ثابت قدمی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنا ہے،، حقیقتاََ ایم کیو ایم نے جو سیاسی دباؤ پیدا کیا اسکی وجہ سے یہ معاہدات ممکن ہو سکے ہمارے کئے گئے معاہدے کی وجہ سے شہر کے تمام ادارے شہر کے میئر کے پاس ہونگے اسی طرح صوبائی فنانس کمیشن میں شہر کے لئے فنڈز بڑھوائے ہیں ساتھ ہی وومن یونیورسٹی کا معاملہ ان لوگوں سے منظور کروایا جو کہتے تھے کہ حیدرآباد یونیورسٹی ہماری لاش پر بنے گی۔ سینئر ڈپٹی کنوینر کا کہنا تھا کہ نیک نیتی سے اس کے ان معاہدات پر کام ہو یہی ہم سب کی مشترکہ کوشش ہے،۔اس موقع پر وفاقی وزیر ورکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا ہے جعلی ڈومیسائل اور بوگس مردم شماری اس شہر کے بڑے مسائل میں سے ایک ہیں مقامی پولیس اور کراچی کا پانی کا مسئلہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم سے معاہدات میں شامل کیا اسکے علاوہ کے- 4 اور کے سی آر کا معاملہ بھی وفاقی حکومت کے ساتھ شامل کیا اورسندھ حکومت سے خواتین یونیورسٹی سے متعلق بھی معاہدہ طے پایا ہے چاہتا ہوں کہ خواتین یو نیورسٹی بھی اورنگی ٹاؤن میں بنے۔