اسلامی یونیورسٹی ،فیصل مسجد میں 300 سے زائد فرزندان اسلام معتکف 

Apr 23, 2022

 اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوۃ اکیڈمی کے زیر اہتمام  فیصل مسجد میں 300 سے زائد افراد نے جمعہ کے روز اعتکاف شروع کیا۔اکیڈمی نے  اعتکاف کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں جن کے جائزے کے بعد 300 سے زائد افراد کو جمعہ کے روز اپنے سامان کے ساتھ مسجد پہنچنے کا کہا گیاتھا جہاں ان کو خصوصی شناختی کارڈ اور مختص جگہیں دے دی گئیں۔ دریں اثنا، صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی ہدایت پر انچارج فیصل مسجد اسلامک سینٹر، دعوہ اکیڈمی ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمن نے سی ڈی اے افسران و عملہ کے ہمراہ فیصل مسجد ہال کا دورہ کیا، اعتکاف کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا. اس موقع پر انچارج شعبہ تعلقات عامہ ناصر فرید بھی موجود تھے۔قبل ازیں، ڈاکٹر ضیا الرحمان نے خطبہ جمعہ میں اعتکاف کی فضیلت اور لیلتہ القدر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی. نماز جمعہ میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے بھی شرکت کی اور معتکفین کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی، یاد رہے  حسب روایت دعوہ اکیڈمی  معتکفین کیلئے قیام الیل اور خصوصی لیکچرز کا بھی اہتمام کریگی جبکہ صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے اعتکاف اور قیام الیل سمیت معتکفین و مقتدیوں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

مزیدخبریں