راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ضلع راولپنڈی کے تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کی رمضان بازاروں میں ڈیوٹیاں لگنے سے دفتروں میں اراضی کے متعلق مختلف کاموں کیلئے آنے والے سائلین اور شہری در بدر ہو گئے،عملہ شہریوں اور سائلین کو رمضان کے بعد آنے کے مشورے دینے لگے ہیں، رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے ماہ میں صوبہ بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی مختلف جگہوں پر 12سے زائد رمضان بازار لگائے گئے ہیں جہاں پر تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو انچارج مقرر کیا گیا ہو جب سے رمضان شروع ہوا ہے یہ افسران اپنی ڈیوٹیوں پر مصروف ہیں اور دفتروں میں بہت کم آ تے ہیں اور اگر آ بھی جائیں تو کم ووقت کیلئے اور سائلین اور شہریوں کا کوئی کام نہیں ہو تا ، جب کوئی بھی سائل یا شہری زمینوں کے متعلق اپنے کام لے کر دفتروں میں پہنچتے ہیں تو وہاں پر موجود عملہ کہتا ہے کہ افسران رمضان بازاروں میں مصروف ہیں آ پ کو رمضان کے بعد آ جائیں یا پھر وہیں رمضان بازار میں جا کر مل لیں جس کی وجہ سے شہری مشکلات میں پھنس چکے ہیں۔ جن کا کوئی پر سان حال نہیں ہے ، ضلع راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے آئے شہریوں اور سائلین نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلی پنجاب ، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اپیل کی وہ اس صورت حال کو نوٹس لیں اور مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔
رمضان بازاروں میں تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنروں کی ڈیوٹیاں، سائلین در بدر
Apr 23, 2022