قومی وصوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں 24مئی تک مکمل کر لی جائیں گی،الیکشن کمیشن

 حلقہ بندیوں کا کام11اپریل 2022سے شروع کیا،بلاتعطل3اگست تک جاری رہے گا

چار وں صوبوں اور اسلام آباد کے لئے تشکیل کردہ حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کا مرحلہ جاری ہے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں 24 مئی تک مکمل کر لی جائیں گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں تمام قومی وصوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام11اپریل 2022سے شروع کیا ہوا ہے اور بلا تعطل 3اگست 2022تک جاری رہے گا جبکہ حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق ملک بھر کی تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں آئین و قانون کے مطابق مکمل ہو جائیں گی ۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق اس وقت چار وں صوبوں اور اسلام آباد کے لئے تشکیل کردہ حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کا مرحلہ جاری ہے ۔ حلقہ بندیوں کے لئے نقشے و دیگر ڈیٹا الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں سے حاصل کر لیا اور حلقہ بندی شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیاں ملک بھر کی قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقہ جات کی ابتدائی حلقہ بندیوں (Preliminary Delimitation)کو 24مئی 2022 تک مکمل کر لیں گی ۔اس کے بعد حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 28مئی 2022کوکر دی جائے گی ۔ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اپیلیں /اعتراضات 29مئی 2022سے لیکر 28جون 2022 ء تک الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائے جاسکیں گے ۔ الیکشن کمیشن تمام اپیلوں /اعتراضات کی سماعت 1جولائی 2022سے 30 جولائی2022 تک کرے گااور 3اگست 2022 کو ملک بھر میں تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل اور حتمی اشاعت ہو گی ۔

ای پیپر دی نیشن