سعودی عرب نے خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں پھنسے سعودی اور پاکستانی شہریوں سمیت مختلف ملکوں کے 150 سے زائد شہریوں کو بحفاظت نکال لیا۔عرب میڈیا کے مطابق خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد پہلے اعلانیہ انخلا میں سعودی عرب 150 سے زائد غیر ملکی سفارت کاروں، عملے، سعودیہ اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے نکالنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔سعودی محکمہ خارجہ کے مطابق شہریوں کے انخلا کیلئے فوج کے دیگر اداروں کی مدد سے سعودی نیوی نے تین بحری جہازوں کے ذریعے 91 سعودی شہریوں سمیت پاکستان، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، تیونس، پاکستان، بھارت اور کینیڈا سمیت 12 ممالک کے 66 شہریوں کو بحفاظت جدہ پہنچا دیا ہے۔سعودی محکمہ خارجہ نے مزید تفصیلات جاری کئے بغیر صرف اتنا بتایا ہے کہ سوڈان سے نکالے گئے افراد میں عورتوں اور بچوں سمیت سفارتکار اور عملے سمیت سویلینز شامل ہیں، نکالے گئے تمام لوگوں کو اپنے ملک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سعودی میڈیا کی جانب سے جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے، سوڈان سے نکالے جانے کے بعد جدہ پہنچنے پر سعودی حکام کی جانب سے کشتیوں سے اترتے مسافروں میں عیدالفطر کی مناسبت سے پھول، مٹھائیاں اور دیگر اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔
سعودی محکمہ خارجہ کے مطابق تمام لوگ کانوائے کی صورت میں پہلے پورٹ آف سوڈان پہنچے جس کے بعد انہیں سعودی نیوی کے تین بحری جہازوں کے ذریعے جدہ پہنچایا گیا۔واضح رہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی کے بعد وہاں پھنسے غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے انخلاء کا یہ پہلا کامیاب آپریشن ہے۔