الیکشن کمیشن کے نائب سربراہ کو گولی مارکرقتل کردیا گیا

میانمار کے شہر ینگون میں باغی جنگجوؤں نے الیکشن کمیشن کے نائب سربراہ کو گولی مارکرہلاک کردیا ہے۔فوج کی اطلاعاتی ٹیم نےایک بیان میں بتایا ہے کہ یونین الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سائی کیوتھوتھو کو ینگون کے مشرق میں واقع علاقے تھنگنگیون میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بغاوت مخالف 'پیپلز ڈیفنس فورسز' اس واقعہ کی ذمہ دار ہیں لیکن اس نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔میانمارکی فوج نے دو سال قبل ایک بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرلیاتھا۔اس نے اختلاف رائے کے خلاف خونیں کریک ڈاؤن کی قیادت کی ہے، جس سے سماجی بدامنی اور معاشی بحران پیدا ہوا ہے۔خود ساختہ سویلین ’’پیپلزڈیفنس فورسز‘‘فوجی جنتا کے خلاف ابھرکر سامنے آئی ہیں۔اس کے جنگجوؤں نے فوج کے ساتھ کام کرنے والے عہدے داروں کو نشانہ بنایا ہے۔فوج نے فروری 2021 میں سویلین رہنما آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کوانتخابات میں دھاندلی کے بے بنیاد الزامات پر برطرف کردیا تھا۔اب اس نے جنتا کے زیرقیادت الیکشن کمیشن کو نئے انتخابات کرانے کی ذمہ داری سونپی ہے، جس کے بارے میں فوج کے مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر آزاد یا منصفانہ نہیں ہو سکتے۔گذشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے سوچی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی کو فوج کی جانب سے تیار کردہ نئے انتخابی قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کرانے میں ناکامی پر تحلیل کردیا تھا۔میانمار کے سرکاری میڈیا نے جمعہ کے روز خبردی ہے کہ فوج کی حمایت یافتہ مرکزی جماعت یونین یک جہتی اور ترقی پارٹی پہلے ہی رجسٹرڈ ہو چکی ہے۔اس گروپ کو 1990، 2015 اور 2020 کے انتخابات میں سوچی کی این ایل ڈی نے شکست دی تھی۔فوج کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد سے میانمار بدامنی کا شکار ہے،جس نے نسلی باغیوں کے ساتھ ایک بار پھر لڑائی کوجنم دیا اورحزب اختلاف کے دیگرگروہوں کو جنم دیا جو اب فوج کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

ملک بھر میں قریباً روزانہ نچلے درجے کے فوجی اہلکاروں یا مبیّنہ مخبروں کے قتل کے واقعات پیش آتے ہیں اورفوج کی جانب سے اکثراس کی تفصیل سامنے آتی رہتی ہیں۔گذشتہ سال اپریل میں میانمار کے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنرکو نامعلوم حملہ آوروں نے ینگون میں ان کے گھر پر گولی مار دی تھی۔نومبر 2021 میں فوج اور ویتنامی کمپنی وائیٹل کے مشترکہ ٹیلی کام وینچر مائیٹل کے ایک اعلیٰ ایگزیکٹو کو ینگون ہی میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن