پنجا ب اسمبلی  مبینہ الیکشن دھاندلی ، کارروائی ، نہیں چلنے دینگے اپوزیشن ، پی ٹی آئی ووٹر نہیں نکلا ہما را کیا قصور حکومت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2گھنٹے 38منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صد ارت میںشروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سیکرٹری اسمبلی نے عبداللہ وڑائچ، رانا منور حسین، علی حیدر گیلانی اور غلام رضا کا موجودہ اجلاس کے لئے بطور پینل آف چیئرمین اعلان کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے نومنتخب ایم پی اے اعجاز عالم آگسٹن سے اسمبلی رکنیت کا حلف لے لیا۔ وزیر خزانہ وپارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اپوزیشن کی الزام تراشیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جو الیکشن ہوا وہ صاف شفاف ہوئے، ووٹر نہ نکلا تو ہمارا کیا قصور ہے، پی ٹی آئی کا ووٹر  سنی اتحاد کونسل کو ووٹ دینے کیلئے تیار نہیں، غنڈہ گردی کی مثال نارووال میں پیش گئی، کارکن محمد یوسف کو سر پر ڈنڈے مار کر شہید کردیا گیا، ظفر وال نے ہمارے لیگی کارکن کو قتل کیا تو وہاں سے ن لیگ بھاری اکثریت سے جیتی۔ ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آواز پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بھی گونجتی رہی، ایوان میں اپوزیشن کا شور شرابا۔ حکومت اور اپوزیشن ارکان کی ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے، پولیس کی غنڈہ گردی اور دھاندلی سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے،  تین دن پہلے پریزائیڈنگ آفیسر کو فارم 45پر دستخط کروائے گئے، ہمارے پولنگ ایجنٹ اٹھاکر فارم پر مہریں لگا کر واپس کر دئیے، بھرپور اس کی مذمت کرتے ہیں، کون سے دہشت گرد ہیں جو پولنگ سٹیشن جانے تھے جو انٹر نیٹ بند کر دئیے،  رانا آفتاب سیخ پا ہوگئے، نکتہ اعتراض پر کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پونے تین گھنٹے بعد اجلاس شروع کیا، تقریباً آپ کا کام تمام ہونے والا ہے قبلہ درست کرلیں، آپ کے پاس پارلیمانی سیکرٹریز نہیں، سٹینڈنگ کمیٹی نہیں بنی ہے، آپ نے تو پولیس سٹیٹ بنادیا ہے۔ حافظ فرحت عباس نے کہا کہ یہ کس طرح الیکشن جیتے قصور کیا ہم پر مقدمات نہیں بنائے، ضمنی الیکشن مہم نہ چلانے دی، ثبوت مانگتے ہیں تو ہم ثبوت دیتے ہیں۔ اس دوران ایوان میں چور شرابا بڑھ گیا اور اسی شو شرابے میں اپوزیشن رکن رانا شہباز نے کورم کی نشاندہی کر دی، کورم پھر بھی پورا نہ ہوا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اجلاس آج صبح تین بجے تک ملتوی کردیا۔

ای پیپر دی نیشن